Time 31 دسمبر ، 2022
پاکستان

ہمیں امپورٹڈ کہنے والے نے ملک میں دہشتگردی کو امپورٹ کیا: بلاول کی عمران پر تنقید

عمران خان نے شہیدوں کے لہو کا سودا کیا، جو دہشت گرد شکست کھاکربیٹھے تھے عمران خان نے ان کو کھڑا کیا یہ ان کا سب سے بڑا گناہ ہے: وزیر خارجہ— فوٹو:فائل
عمران خان نے شہیدوں کے لہو کا سودا کیا، جو دہشت گرد شکست کھاکربیٹھے تھے عمران خان نے ان کو کھڑا کیا یہ ان کا سب سے بڑا گناہ ہے: وزیر خارجہ— فوٹو:فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے شہیدوں کے لہو کا سودا کیا، ہمیں امپورٹڈ کہنے والے نے ملک میں دہشتگردی کو امپورٹ کیا۔

کراچی میں پیپلزپارٹی کے بلدیاتی امیدواروں سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ فیصلہ کیاتھا میں نے نئے سال کا جشن کراچی والوں کے ساتھ منانا ہے، کراچی کی ہر گلی سےعوام نکلیں ، نئے سال کا جشن منائیں،  پیپلزپارٹی نےکراچی کیلئے وہ کام کر دکھایا جس کا وعدہ کیا تھا، کراچی کی ہرگلی، ہر یونین کونسل میں لوگ نئے سال کا جشن منائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ناکام، نا اہل حکمران کو عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے باہر نکالا، ہم نے آخر کار اس ناکام، کٹھ پتلی کا بندوست کردیا، ہم نے اس کو اقتدار سے ایسا نکالا کہ بنی گالہ سے بھی چیخیں نکل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر ہر کسی اور ہر زبان بولنے والوں کا شہر ہے، پیپلزپارٹی ہر صوبے، ہر زبان اور ہر شہری کی جماعت ہے، تقسیم اور نفرت کی سیاست کرنیوالے کراچی کو ایک زبان، ایک جماعت اور ایک سوچ رکھنےوالوں کاشہرکہتے ہیں، جتنے وسائل مراد علی شاہ نےکراچی پرخرچ کیے ہیں کوئی اورمقابلہ نہیں کرسکتا، ہمارا وزیراعلیٰ پورے سندھ کا وزیراعلیٰ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ چاہتے ہیں کراچی میں مقامی حکومت میں عوام کی نمائندگی ہو، الیکشن سے پہلے کراچی پہنچا تو شہر میں کچرے کی بہت بری صورتحال تھی، یہ نہیں کہتاکراچی کو100 فیصد صاف کردیا ہےمگربہترصورتحال ہے، الیکشن جیتنے کے بعد کے ایم سی کے زیرانتظام اسپتالوں کامعیاربھی بہتربنائیں گے، صوبےکے ہر ضلع میں پیپلزبس سروس پہنچائیں گے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے مذہبی،انتہا پسندی اور لسانیت پر مبنی دہشتگردی کا مقابلہ کیا،  ہم نے نہ صرف دہشت گردوں کا مقابلہ کیا بلکہ ان کوشکست دی، بینظیرکی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کی حکومت بنی، ہمارے فوجی جوانوں نے شہادتیں قبول کیں، جو دہشت گرد شکست کھاکربیٹھے تھے عمران خان نے ان کو کھڑا کیا یہ ان کا سب سے بڑا گناہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اےپی ایس حملے میں ملوث دہشتگرد جیل سے آزاد ہوکر ترکیہ میں بیٹھ کرلیکچر دے رہا ہے، ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والےنےدہشت گردی کوامپورٹ کیا، عمران خان نے دہشت گردوں کوجیلوں سے باہرنکالا، نیشنل سکیورٹی پر کیسے سمجھوتا کیا جاسکتا ہے؟ ہم آج بھی دہشت گردی کا مقابلہ کرنےکیلئےتیارہیں، دہشت گردوں کوشکست دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے ملک کے شہدا کے لہوکا سودا کیا، پاکستان کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، عمران خان نےجوسب سےبڑا گناہ کیاہےاس کا حساب ہوگا۔

مزید خبریں :