Time 31 دسمبر ، 2022
پاکستان

ایم کیو ایم دھڑوں کا انضمام، فاروق ستار نے گورنر سندھ کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی

گورنر سندھ اور ڈاکٹر فاروق ستار کی ملاقات میں ایم کیو ایم دھڑوں کو یکجا کرنے اور ان کی واپسی سمیت دیگر امور پرگفتگو ہوئی: ذرائع— فوٹو: گورنر ہاؤس
گورنر سندھ اور ڈاکٹر فاروق ستار کی ملاقات میں ایم کیو ایم دھڑوں کو یکجا کرنے اور ان کی واپسی سمیت دیگر امور پرگفتگو ہوئی: ذرائع— فوٹو: گورنر ہاؤس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فاروق ستار کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم دھڑوں کو یکجا کرنے، فاروق ستار کی واپسی سمیت دیگر امور پرگفتگو ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ گورنرسندھ نے فاروق ستار کو مصطفیٰ کمال سے ہونےوالی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔

فاروق ستار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ کراچی کے شہریوں کے دل زخمی ہیں، مرہم رکھنے والا کوئی نہیں، یہاں آنے کا مقصد صرف لوگوں کو جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کراچی کے راستوں کی طرح ٹوٹ چکے ہیں، ہم نے اپنی غلطیوں سے اپنی طاقت کو کھو دیا ہے، ہمیں خود اپنا حق حاصل کرنا ہوگا کوئی مسیحا نہیں آئے گا، بیروزگاری اتنی بڑھ چکی اب 10 ہزار میں بھی ملازمت نہیں مل رہی، کراچی میں بجلی نہیں،پانی صرف ٹینکر میں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ کراچی کی بجلی، پانی، گیس مافیا کے قبضے میں ہے، کراچی والوں سے مجرموں والا سلوک ہورہا ہے، کراچی کے لوگ ظلم سہہ کرخاموش ہیں۔

مزید خبریں :