دنیا
Time 03 جنوری ، 2023

ایلون مسک کی پریشانی میں اضافہ: دفتر کا کرایہ ادا نہ کرنے پر ٹوئٹر کیخلاف مقدمہ

فوٹو: اے پی
فوٹو: اے پی 

دولت میں 200 ارب ڈالر کمی کے بعد ایلون مسک کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا، ان کی کمپنی ٹوئٹر کے خلاف دفتر کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مقدمہ دائر کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر پر سان فرانسسکو کے دفتر کا کرایہ نہ دینے پر مقدمہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق  سان فرانسسکو کی  ہارٹفورڈ بلڈنگ کی 30 ویں منزل پر قائم  ٹوئٹر کے دفتر کے مالکان نے گزشتہ ماہ ایلون مسک اور کمپنی کو خبردار کیا تھا کہ اگر 5 دن کے اندر واجبات ادا نہ کیے گئے تو وہ عدالت جائیں گے۔

تاہم ٹوئٹر کی جانب سے دفتر کا کرایہ ادا نہ کیا گیا جس پرایکشن لیتے ہوئے منگل کو سان فرانسسکو کی عدالت میں  سوشل میڈیا کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔

کئی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹوئٹر نے کئی ہفتوں سے اپنے ہیڈکوارٹرز کا بھی کرایہ ادا نہیں کیا۔

یہ پہلی بار نہیں کہ ٹوئٹر رپر مقدمہ کیا گیا ہے، اس سے قبل 2 چارٹر فلائٹ کو واجبات ادا نہ کرنے پر کمپنی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یہ رپورٹ بھی سامنے آئی کہ ایلون مسک دنیا کے پہلے ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی دولت میں 200 ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے۔

نومبر 2021 میں ایلون مسک کی دولت ریکارڈ 340 ارب ڈالرز تک پہنچی مگر 2022 کے اختتام پر وہ گھٹ کر 137 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔

مزید خبریں :