Time 04 جنوری ، 2023
کھیل

'یورپ میں میرا کام مکمل ہوگیا'، رونالڈو نے باضابطہ طور پر سعودی کلب النصر کو جوائن کرلیا

کرسٹیانو رونالڈو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی کلب النصر کو جوائن کرنے پر گفتگو کی۔—فوٹو: سوشل میڈیا
کرسٹیانو رونالڈو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی کلب النصر کو جوائن کرنے پر گفتگو کی۔—فوٹو: سوشل میڈیا

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے باضابطہ طور پر سعودی کلب النصر کو جوائن کرلیا۔

رونالڈو گزشتہ روز اپنی فیملی کے ہمراہ پرائیوٹ جیٹ میں سعودی دارالحکومت پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

 ان کی باضابطہ آمد کی تقریب مرسول پارک اسٹیڈیم میں ہوئی، اس تقریب میں رونالڈو اور النصر کے فینز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، اسٹار فٹبالر کلب کی  جرسی پہن کر میدان میں آئے تو مداحوں نے اس موقع پر بھرپور جشن منایا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی کلب النصر کو جوائن کرنے پر گفتگو کی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق رونالڈو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپ میں میرا کام مکمل ہوگیا، النصر سے معاہدہ کرنے سے قبل مجھے کئی جگہ سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی۔ 

37سالہ فٹبالر کا کہنا تھا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد مجھے برازیل،آسٹریلیا، امریکا اور پرتگال سے بھی پیشکش ہوئی لیکن میں سعودی کلب النصر کو زبان دے چکا تھا۔

رونالڈو نے کہا کہ میں ہر  چیزجیت چکا،میں یورپ کے بہترین کلب سے کھیل چکا اب ایشیا میں ایک نیا امتحان ہے۔  النصر کے ساتھ میرا معاہدہ منفرد ہے، میں بھی منفرد کھلاڑی ہوں، اس لیے یہ میرے لیے معمولی ہے۔

رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت النصر کلب انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔ 

مزید خبریں :