05 جنوری ، 2023
پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا راج جاری رہنے سے فضائی آپریشن متاثر ہو گیا جبکہ شدید دھند کے پیش نظر کئی مقامات سے موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردیے گئے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دھند اور موسم کی خرابی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے سے بیرون اور اندرون ملک جانے والی 18 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
دھند کے باعث 3 پروازیں لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کر سکیں جبکہ کئی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دھند کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اورکئی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی دھند کے باعث کئی مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔
موٹروے حکام کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 کو لاہورسے کوٹ مومن تک اور ملتان موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے جڑانوالہ تک جبکہ ایم 11 سیالکوٹ موٹر وے کو لاہور سے کامونکی تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق موٹروے بند ہونے سے ٹریفک کا لوڈ ملتان روڈ، کینال روڈ اور راوی روڈ پر شفٹ ہوگیا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے پہلے راستہ ایپ سے معلومات حاصل کریں۔