فیکٹ چیک: کووڈ19کے بارے میں پہلے سے ثابت شدہ جھوٹی ویڈیوسوشل میڈیا پر پھر سے وائرل ہوگئی

ویڈیومیں پیش کیے جانے والے سازشی نظریات کو فیکٹ چیک کرنے والی مختلف تنظیموں نے کئی بار رد کیا ہے۔

اس ویڈیو نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی ہے جس میں مبینہ طور پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے ماہرین صحت کو دکھایا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو ”صرف ایک موسمی فلو“ قرار دے رہےہیں۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

29 دسمبر کوایک ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اس عنوان کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی کہ ”سب سے بڑی بریکنگ نیوز: ڈبلیو ایچ او نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مکمل یو ٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا موسمی وائرس ہے، یہ کھانسی، نزلہ اور گلے کی خرابی ہے جو موسم کی تبدیلی کے دوران ہوتی ہے، گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ “

ویڈیو میں ایک خاتون جو خود کو مائیکرو بیالوجسٹ بتاتی ہے، کا کہنا ہے کہ ”ایک اچھی خبر ہے کہ کورونا وائرس ایک موسمی وائرس ہے۔“

ان کا مزید کہنا تھاکہ لاک ڈاؤن ، ماسک پہننے یا سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

جب کہ پینل میں ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے ایک اور شخص کا یہ کہنا ہے کہ” ہمیں اس عالمی وبا کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔“

اس ویڈیو کو اب تک 12,000سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

حقیقت

یہ فوٹیج ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدکی جانی والی پریس کانفرنس کی نہیں ہے۔ یہ درحقیقت 2020 میں ایک ایسی تنظیم کی طرف سے منعقدکردہ ایک تقریب کی ہے جو خود کو ”ورلڈ ڈاکٹرز الائنس“ کہتی ہے۔

2020  سے فیکٹ چیک کرنے والی مختلف تنظیموں کی جانب سے اس ویڈیو اور اس کے سازشی نظریات کو متعدد بار رد کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں نظر آنے والی پروفیسر  Dolores Cahil اپنا تعارف عالمی ڈاکٹرز الائنس کی صدر کے طور پر کرواتی ہیں نہ کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کےطور پر۔

زیر غور  اس تنظیم کی ویب سائٹ بھی دی گئی ہے جہاں پر ان کا عہدہ درج کیا گیا ہے:

ویڈیو میں نظر آنے والادوسرا شخص ڈاکٹر Heiko Schoning ہے ،وہ بھی ورلڈ ڈاکٹرز الائنس سےوابستہ ہیں۔

ان کی ویب سائٹ کے مطابق یہ الائنس اپنا تعارف ”طبی پیشہ وروں کے درمیان تعاون“ کے طور پرکرواتاہے۔

اس کے علاوہ ، اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے کے فوراً بعد اکتوبر 2020 میں امریکہ کی ایسوسی ایٹڈ پریس نے اس ویڈیو اور اس کے مواد کی فیکٹ چیکنگ بھی کی تھی۔

یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم سے اصل ویڈیو کو بھی ہٹا دیا ہے۔

ماہرین صحت اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کئی بار اس دعویٰ کو رد کیاہےکہ کورونا وائرس صرف ایک انفلوئنزا فلو وائرس ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک دنیا بھر میں 7,508,006افراد ہلاک ہوئے، جبکہ پاکستان میں اس نے اب تک 30,000سے زائد افراد کی جان لی ہے۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔