07 جنوری ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی جانب سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر بنائی جانے والی شاندار سنچری پر ان کی والدہ کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
کرکٹر کی والدہ نے کہا 'آج خوشی کا دن ہے، مجھےبہت اچھا لگا، سرفراز نے بہت اچھی پرفارمنس دکھائی، وہ اپنے ملک کے لیے کھیلا اور انشاءاللہ کھیلتا رہے گا، اللہ نے چاہا تو اسے اور کامیابی ملے گی'۔
سرفراز احمد کی والدہ نے کہا 'مجھے رات سے نیند نہیں آرہی تھی، میں رات سے جاگ رہی تھی، سارا دن اور ساری رات اس کے لیے دعائیں کیں کہ اللہ وہ سنچری بنالے، بہت بے چینی تھی '۔
سابق کپتان کی والدہ کا کہنا تھا کہ 'ان چار سالوں میں وہ کبھی ہمت نہیں ہارا، وہ ایک لفظ نہیں بولا، نا ہی اس نے کبھی کسی کے لیے برا کہا، میرا بچہ بہت صبر والا ہے'۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی نیشنل بینک ارینا میں سرفراز احمد کی اہلیہ، بیٹے اور والدہ نے ایک ساتھ میچ دیکھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دوسری اننگز میں سرفراز احمد کی فائٹنگ سنچری کے باعث پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ سے فتح تو حاصل نا کرسکی البتہ کیویز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ڈراکرکے سیریز ہارنے سے بچ گیا۔