08 جنوری ، 2023
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی بورڈنگ پاس اور بغیر امیگریشن کے کینیڈا جانے کی کوشش کرنے والے افغان باشندے اور اس کے سہولت کار بھائی کو گرفتار کر لیا۔
ملزم رحمت اللہ اسٹڈی ویزے پر کینیڈا جانے کی کوشش کر رہا تھا، بورڈنگ گیٹ پر کراس چیکنگ کے دوران ملزم کے قبضے سے جعلی بورڈنگ پاس برآمد ہوا، سفری دستاویزات کی مزید جانچ پڑتال پر کینیڈا کا اسٹڈی پرمٹ اور الیکٹرانک ٹریول اجازت نامہ بھی جعلی نکلا، اس کے علاوہ جعلی بورڈنگ پاس پر چسپاں ایگزٹ اسٹمپ بھی جعلی نکلی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر ملزم کے بھائی کو ائیرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج سے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن حکام کی جانب سے مزید پوچھ گچھ اور موبائل فون کی تلاشی پر افغانی پاسپورٹ کی تصاویر اور ملزم کا شناختی کارڈ برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔