یہ 'فلائنگ کار' بہت جلد آپ کو دستیاب ہوگی

اس کی قیمت بھی چونکا دینے والی ہے / فوٹو بشکریہ Aska
اس کی قیمت بھی چونکا دینے والی ہے / فوٹو بشکریہ Aska

ویسے تو اڑنے والی گاڑیوں کو بنانے کے لیے متعدد کمپنیوں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے مگر اب تک کچھ خاص پیشرفت نہیں ہوسکی۔

مگر ایک کمپنی Aska کی گاڑی اے 5 جلد اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے۔

درحقیقت آپ اسے اپنے لیے پری آرڈر کے ذریعے بک بھی کروا سکتے ہیں۔

یہ دنیا کی پہلی فلائنگ کار ہے جس میں 4 نشستیں موجود ہوں گی اور کمپنی کے مطابق یہ بہت جلد صارفین کو دستیاب ہوگی۔

کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر کمپنی کے سی ای او گائے کپلینسکی نے بتایا کہ امریکی ایوی ایشن حکام کی جانب سے گاڑی کی آزمائشی پرواز کی اجازت ایک ماہ کے اندر دی جاسکتی ہے جبکہ 2026 تک اسے رائیڈ شیئرنگ سروس کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

کمپنی اسے 2026 تک رائیڈ شیئرنگ سروس کا حصہ بنانے کی خواہشمند ہے / فوٹو بشکریہ Aska
کمپنی اسے 2026 تک رائیڈ شیئرنگ سروس کا حصہ بنانے کی خواہشمند ہے / فوٹو بشکریہ Aska

اس گاڑی میں الیکٹرک بیٹریوں کے ساتھ ایک چھوٹا گیس انجن دیا گیا ہے اور اس کے اوپر کسی ہیلی کاپٹر کی طرح ونگز  موجود ہیں۔

اس گاڑی کو کسی ہیلی کاپٹر کی طرح اڑایا یا لینڈ کیا جاسکتا ہے جبکہ بیٹریوں کو گھروں میں چارج کرنا ممکن ہوگا۔

یہ گاڑی سنگل چارج پر 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ڈھائی سو میل تک پرواز کرسکے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ فلائنگ کار طویل سفر کے لیے زیادہ موزوں ہوگی جبکہ بڑے شہروں میں ٹریفک جام سے بھی بچا سکے گی۔

اس کا ڈیزائن بھی کافی منفرد ہے / فوٹو بشکریہ Aska
اس کا ڈیزائن بھی کافی منفرد ہے / فوٹو بشکریہ Aska

آغاز میں اس گاڑی کو چلانے کے لیے پائلٹ لائسنس درکار ہوگا مگر کمپنی کے خیال میں 2030 تک یہ مکمل طور پر خودکار طور پر پرواز کرسکے گی۔

اس کی قیمت بھی چونکا دینے والی ہے کیونکہ اسے خریدنے کے لیے 7 لاکھ 89 ہزار ڈالرز خرچ کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں :