08 جنوری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم کا کہنا ہےکہ شان مسعود ٹیم کے نائب کپتان ہیں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئےکپتان بابراعظم نےکہا کہ پاکستان ٹیم کی وائٹ بال کی کاکردگی اچھی چلی آرہی ہے،کوشش ہوگی کہ ون ڈے میچز میں جیت کے مومنٹم کو برقرار رکھیں۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے وائٹ بال کےگزشتہ میچز زیادہ تر جیتے ہیں،کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ کرکٹ سے کھلاڑی جلدی سوئچ کریں اور جو مثبت کرکٹ کھیلتے چلے آرہے ہیں وہ برقرار رکھیں۔
بابر اعظم نےکہا کہ کچھ پرانے کھلاڑی واپس آئے ہیں کچھ نئے چہرے سامنے آئے ہیں، یہ نیا سال ہے نئی سیریز ہے کوشش ہوگی نئے سال میں نئی سیریز کا آغاز اچھے انداز میں کریں، جو نئےکھلاڑی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں انہیں موقع ملے تو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
قومی ٹیم کےکپتان کا کہنا تھا کہ شان مسعود ٹیم کے نائب کپتان ہیں وہ پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتا، ابھی میٹنگ ہونا باقی ہے اور میں نے پچ بھی نہیں دیکھی ہے،کسی کھلاڑی پر انفرادی طور پر بات نہیں کرسکتا، جو بہترین کھلاڑی دستیاب ہوں گے وہ پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے ، ہماری اولین ترجیح ون ڈے سیریز جیتنا ہے۔
غیر ملکی لیگ کے لیےکھلاڑیوں کو این او سی دینےکے حوالے سے کیے گئے سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ این او سی کھلاڑی کا حق ہے اگر وہ نہیں کھیل رہا تواس کھلاڑی کو لیگ جاکر کھیلنی چاہیے۔
سرفراز احمد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ اُنہیں کوئی پچھتاوا نہیں کہ وہ چار سال کیوں نہیں کھیلے، سرفراز احمد نے چار سال انتظار کیا لیکن ہمت نہیں ہاری اور اپنی باری کا انتظار کیا اور جب موقع ملا تو اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
بابر اعظم نے کہا کہ سلیکٹر اور کپتان کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے، وہ اپنا پلان سلیکشن کمیٹی کو پاس آن کرتے ہیں، ہم ایک پیج پر ہیں اور ہم نے ان کو ان پٹ دیا ہے، کرکٹ بہت زیادہ ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہر فارمیٹ کا مختلف کمبینیشن ہونا چاہیے۔