08 جنوری ، 2023
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے موجودہ حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات مسترد کردیے۔
کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی وفد کے ہمراہ سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی فاروق ستار کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں فاروق ستار اور دیگر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر امین الحق اور دیگر بھی موجود تھے، خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو حلقہ بندیوں سے متعلق احتحاج میں شرکت کی دعوت دی۔
فاروق ستار سے ملاقات کے بعد گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے الیکشن کمیشن پر قبل از انتخابات دھاندلی کا الزام بھی لگا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کراتا نظر نہیں آرہا، موجودہ صورت حال میں انتخابی نتائج تسلیم نہیں کریں گے، 11 جنوری کو الیکشن کمیشن کو دوبارہ یاد دلانا ہے کہ شفاف الیکشن آپ کی ذمہ داری ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اس طرح کے الیکشن کے نتائج کو کوئی قبول نہیں کرےگا، موجودہ حلقہ بندیوں کے تحت انتخابات کو قبول نہیں کیا جائےگا، ہم انصاف کے لیےکہاں جائیں، کہاں جا کر اپنی آبادی کو گنوائیں۔
فاروق ستار نے بھی خالد مقبول کی تائیدکردی اور کہا کہ سندھ میں رواداری کو قائم رکھنا ہے تو درست حلقہ بندیاں ضروری ہیں، بڑا ظلم اور نا انصافی ہوئی ہے، مردم شماری میں ہمیشہ ہمیں کم گنا گیا، ہم اب تک 40 فیصد آبادی پرکھڑے ہیں۔