09 جنوری ، 2023
پاکستانی اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ سائرہ یوسف نے طلاق کے باوجود دوستی اور بہتر تعلقات قائم رکھنے کی وجہ اپنی بیٹی’ نورے‘ کو قرار دیا ہے۔
سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری ان دنوں اپنی فلم ’بے بی لیشیس‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، اسی حوالے سے سائرہ اور شہروز کے حال ہی میں نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کےکلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں سائرہ اور شہروز کو اپنی طلاق کے بعد دوستی قائم رکھنے اور بہتر تعلقات برقرار رکھنے پر بات کرتے دیکھا گیا۔
دوران انٹرویو سائرہ اور شہروز نے بیٹی نورے کو دونوں کے درمیان تاحال بہتر تعلقات کی وجہ قرار دیا اور بتایا کہ جب ہم کسی بھی انسان کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر وہ خاص طور پر اولاد ہو تو آپ کے اپنے مسائل ان کے سامنے بہت چھوٹے لگنے لگتے ہیں جس پر شہروز نے بھی سابق اہلیہ سے اتفاق کیا۔
دوسری جانب دونوں اہلیہ سے ہونے والی بیٹیوں کے درمیان تعلق کے حوالے سے شہروز سبزواری کا کہنا تھا میری بیٹی نورے اور بیٹی زہرہ دونوں کے درمیان تعلقات میری سوچ سے بھی زیادہ نارمل ہیں، نورے نے چھوٹی بہن زہرا کو جتنا پیار دیا وہ میری سوچ سے بھی زیادہ ہے وہ اسے بہنوں کی طرح سمجھتی ہے۔
فلم کی شوٹنگ اور پروموشن کے حوالے سے شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ میں سائرہ کے ساتھ غیر آرام دہ تصور نہیں کرتا کیوں کہ میں اب سائرہ کے لیے بات نہیں کرسکتا، میں اگر کہہ دوں تو کل سائرہ کہے گی میرے لیے کیوں بولا۔
تاہم اس حوالے سے سائرہ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات ہمارے لیے بھی مشکل ہوتی ہے جب لوگ بار بار پرانی چیزوں کے بارے میں بات کرتے ہیں لہٰذا بہترین یہ ہے کہ دو لوگوں کے درمیان علیحدگی کے رشتے کو عجیب نہ بنائیں انہیں آگے بڑھنے دیں لیکن ہمارے یہاں ایک عام تاثر ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں علیحدگی کے بعد لوگوں کو ایک دوسرے سے ہر تعلق کو ختم کردینا چاہیے لیکن ہم نے اس پراجیکٹ کے لیے اس سے آگے جاکر سوچا کیوں کہ ہم اکیلے نہیں تھے اس پراجیکٹ میں اور بھی بہت سارے لوگ موجود تھے۔