Time 10 جنوری ، 2023
کھیل

پی سی بی مکی آرتھر کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے رضامند نہ کرسکا

پی سی بی نے مکی آرتھر سے ہیڈ کوچ کے کیلئے بات چیت ختم ہونے کی تصدیق کردی— فوٹو: فائل
پی سی بی نے مکی آرتھر سے ہیڈ کوچ کے کیلئے بات چیت ختم ہونے کی تصدیق کردی— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مکی آرتھر سے ہیڈ کوچ کے کیلئے بات چیت ختم ہونے کی تصدیق کردی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو تین سال کیلئے ہیڈ کوچ بنانے کیلئے رابطہ کیا تھا، مکی کی مصروفیات کی وجہ سے کنسلٹنٹ کے عہدے کیلئے بھی بات کی گئی تھی لیکن بعض وجوہات کی بنیاد پر کنسلٹنٹ کے عہدے پر بھی پیش رفت ممکن نہ ہوسکی۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ بہترین ہیڈ کوچ کیلئے تلاش جاری رکھے گا، ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے بعض بڑے نام زیر غور ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مکی آرتھر نے دوسری بار پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ بننے کی پیشکش مسترد کی ہے۔ مکی آرتھر ڈربی شائر سے کنٹریکٹ کے باعث پی سی بی کے ساتھ فی الحال سالانہ بنیاد پرمعاہدہ نہیں کرسکتے، مکی آرتھر زیادہ سے زیادہ کچھ ہفتوں کیلئے کنسلٹنٹ یا پی ایس ایل میں ہیڈکوچ کا کام کرسکتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نےڈربی شائرکی انتظامیہ کوکاؤنٹی کلب کے ساتھ اپنی مصروفیات جاری رکھنے سے آگاہ کر دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مکی آرتھر نے حال ہی میں ڈربی شائر کاؤنٹی کلب کے ساتھ 2025 تک کنٹریکٹ میں توسیع کی ہے، مکی آرتھر بطور ہیڈکوچ 2016 سے 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک رہے، حال ہی میں نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ بننے کی پیشکش کی تھی۔

مزید خبریں :