10 جنوری ، 2023
پاکستانی اداکارہ سعدیہ خان کی بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ساتھ تصویر سامنے آنے کے بعد سے قیاس آرائیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
سعدیہ خان نے سال نو کے موقع پر دبئی میں آریان خان کے ساتھ لی گئی اپنی تصویر شیئر کی تھی۔
سعدیہ کافی عرصے سے دبئی میں ہی مقیم ہیں جہاں وہ متعدد بین الاقوامی برانڈز کیلئے کام کر رہی ہیں اور ڈراموں کی شوٹنگ کے سلسلے میں پاکستان بھی آتی جاتی رہتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے تصویر دیکھ کر قیاس آرائی شروع کردی تھی کہ سعدیہ خان اور آریان خان ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں تاہم اب خود اداکارہ کا اس معاملے پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔
سٹی ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ خان نے کہا کہ ’یہ بہت ہی عجیب ہے کہ پوری کہانی معلوم ہونے کے باوجود لوگوں نے میرے اور آریان خان کے حوالے سے کہانیاں گھڑنا شروع کردیا۔‘
سعدیہ نے وائرل تصویر کے حوالے سے لکھا کہ مزید کہا کہ ’ہاں میں نیو ایئر نائٹ پر آریان سے ملی تھی، ہم نے باتیں کیں اور تصاویر بھی بنائیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ڈیٹ کر رہے ہیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میں وہاں اکیلی نہیں تھی جس نے آریان کے ساتھ تصویر بنائی، کچھ اور بھی لوگ تھے جنہوں نے تصویریں لیں اور شیئر بھی کیں لیکن میری تصویر وائرل ہوگئی۔‘
اداکارہ نے اس بات کی بھی تردید کی کہ دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات ہیں۔ سعدیہ خان نے کہا کہ ’میں ان تمام افواہوں کی تردید کرتی ہیں، یہ بے بنیاد ہیں، میں یہ کہوں گی کہ آریان بہت ہی شیریں اور مہذب لڑکا ہے لہٰذا ہمارے بارے میں ایسی بے بنیاد افواہیں پھیلانے سے گریز کریں، محبت دیں اور احترام کریں۔‘