Time 11 جنوری ، 2023
دنیا

شہزادہ ہیری کی سوانح حیات برطانیہ کی سب سے تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب برطانیہ کی سب سے تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی۔

گزشتہ روز شہزادہ ہیری کی سوانح حیات 'اسپیئر ' کچھ تاخیر کے بعد باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کی گئی جس کی ساتھ ان کی یہ کتاب برطانیہ کی سب سےتیزی سے بکنےوالی نان فکشن کتاب بن گئی۔

برطانیہ بھر میں شہزادہ ہیری کی کتاب 10 جنوری کی شب 12 بجے فروخت کے لیے پیش کی گئی جسے خریدنے کے لیے دکانوں کے آگے لوگوں کی لمبی قطاریں موجود تھیں۔

پبلشر کے مطابق برطانیہ میں اشاعت کے پہلے ہی روز ہارڈ بک،ای بُک،آڈیو سمیت کتاب کی اب تک 4 لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکیں ہیں۔

برطانوی شہزادے کی متنازع سوانح حیات کی نقول لیک ہونے کے بعد متعدد انکشافات سامنے آئے تھے جس کی وجہ سے لوگوں میں کتاب کے بارے میں اشتیاق بڑھ گیا تھا۔

یہ کتاب دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کی جائے گی جس میں شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

یہ کتاب آن لائن پہلے ہی بیسٹ سیلر قرار دی جاچکی ہے۔410 صفحات کی کتاب میں شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان کے اندر موجود تنازعات اور تناؤ کے بارے میں بتایا جبکہ اور بھی متعدد انکشافات کیے ہیں۔

کتاب میں ایک جگہ شہزادہ ہیری نے دعویٰ کیا کہ 2019 میں ان کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے ان پر حملہ کرکے فرش پر گرا دیا تھا۔

ایک اور جگہ انہوں نے لکھا کہ جس وقت ان کی والدہ شہزادی ڈیانا کا انتقال ہوا تو وہ یہ سمجھے تھے کہ انہوں نے مشکلات سے تنگ آکر موت کا ڈرامہ کیا ہے۔

ایک اور جگہ شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ انہیں ملکہ الزبتھ کے انتقال کا علم خاندان کی بجائے بی بی سی ویب سائٹ سے ہوا۔

اس کتاب کے بارے میں بکنگھم پیلس کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں :