Time 11 جنوری ، 2023
انٹرٹینمنٹ

فلم پٹھان کے گانے پر تنازع کے بعد جاوید اختر بھی چپ نہ رہ سکے

ہماری ایک ایجنسی ہے اور یہ فیصلہ کرنا میرا یا آپ کا کام نہیں کہ گانا صحیح ہے یا غلط: بھارتی مصنف/ فائل فوٹو
ہماری ایک ایجنسی ہے اور یہ فیصلہ کرنا میرا یا آپ کا کام نہیں کہ گانا صحیح ہے یا غلط: بھارتی مصنف/ فائل فوٹو

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان پر ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شدید مخالفت  کی جاری ہے جس پر بھارتی مصنف جاوید اختر نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میڈیا کی جانب سے مصنف جاوید اختر سے پوچھا گیا کہ  سی بی ایف سی( سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹ) نے شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کو بنانے والوں کو گانا بے شرم رنگ میں تبدیلی کا کہا جس پر مصنف و شاعر جاوید اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ فلم سازوں کو فلم سرٹیفکیشن باڈی پر اعتماد ہونا چاہیے جن کے پاس اس کا اختیار ہے کہ آیا فائنل کٹ ہونا چاہیے یا نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی ایف سی کا حوالہ دیتے ہوئے جاوید اختر نے مزید کہا کہ ہماری ایک ایجنسی ہے اور یہ فیصلہ کرنا میرا یا آپ کا کام نہیں کہ گانا صحیح ہے یا غلط، یہاں حکومت کے لوگ اور معاشرے کا ایک حصہ فلم دیکھتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں کہ کیا پاس کیا جائے گا اور کیا نہیں ہوگا۔

جاوید اختر  کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ہمیں اس سرٹیفکیشن پر، ان کی تجویز کردہ کٹوتیوں اور جو وہ پاس کرتے ہیں اس پر بھروسہ کرنا چاہیے۔

واضح رہے اداکارہ دیپیکا پڈکون نے گانے بے شرم رنگ میں زعفرانی رنگ کا لباس زیب تن کیا جس پر ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی اور فلم کے پوسٹر سمیت ایک نجی مال میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

مزید خبریں :