11 جنوری ، 2023
واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں 2 ارب سے زیادہ افراد کرتے ہیں۔
مگر موجودہ عہد میں لوگ بہت جلد اسمارٹ فونز بدلتے رہتے ہیں جس کے باعث واٹس ایپ ڈیٹا کو ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں گوگل ڈرائیو کے ذریعے ٹرانسفر کرنا اکثر پیچیدہ محسوس ہوتا ہے اور کافی وقت بھی لگ جاتا ہے۔
مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ نے یہ عمل اب بہت آسان بنا دیا ہے کم از کم اینڈرائیڈ فونز کے صارفین کے لیے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں وائی فائی کے ذریعے واٹس ایپ ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کا نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر سے ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کے لیے گوگل ڈرائیو کی ضرورت ختم ہوجائے گی اور ایسا کیو آر کوڈ سے ممکن ہوجائے گا۔
یہ نیا چیٹ فیچر واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز 2.23.1.26 اور 2.23.1.27 میں چند صارفین کو دستیاب ہے۔
اس کا استعمال بھی بہت آسان ہے جب بھی آپ کسی نئی اینڈرائیڈ ڈیوائس میں واٹس ایپ انسٹال کریں تو امپورٹ چیٹس کے آپشن کا انتخاب کریں۔
ایسا کرنے سے ڈیوائس کا کیمرا کیو آر کوڈ اسکین کرنے کے لیے اوپن ہوجائے گا۔
اب اپنی پرانی ڈیوائس میں واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر ایکسپورٹ ڈیٹا کے آپشن کو سلیکٹ کریں جس سے ایک کیو آر کوڈ سامنے آجائے گا۔
پھر نئی ڈیوائس سے کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے سے ڈیٹا ٹرانسفر ہوجائے گا۔
یہ نیا فیچر نہ صرف چیٹ ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کا عمل آسان بنادے گا بلکہ اس عمل کو تیز بھی کردے گا۔
وائی فائی سے ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کسی کلاؤڈ سروس سے ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے مقابلے میں زیادہ تیز ہوتا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے یعنی آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے تو ابھی عام صارفین کو دستیاب نہیں۔
ابھی یہ تو واضح نہیں کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے مگر امکان ہے کہ آنے والے مہینوں میں یہ فیچر سب کو دستیاب ہوگا۔