Time 12 جنوری ، 2023
پاکستان

ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابات روکنے کی دھمکی پر سیاسی مخالفین کا سخت ردِعمل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)  پاکستان کی 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات روکنے کی دھمکی پر سیاسی مخالفین کی جانب سے سخت ردِعمل آیا ہے۔

دھڑوں کے انضمام کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے  آج مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پہلا بڑا اعلان کیا اور دھمکی دی کہ15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دیں گے۔

 فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے باہر نکل آئيں، شارع فیصل پر دھرنا دیں دیکھتے ہیں کیسے 15 جنوری کو الیکشن ہوتاہے جبکہ مصطفیٰ کمال نے کہا کچھ لوگ ذرا شریف کیا ہوئے سارا شہر ہی بدمعاش بن گيا۔اس کے علاوہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیاں ٹھیک کرلیں، پھرکل ہی الیکشن کرالیں۔

ایم کیو ایم کی 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات روکنے کی دھمکی پر سیاسی مخالفین کی جانب سے  سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا شہر کو اجاڑنے والے پھر دھمکیاں دے رہے ہیں ، کسی کے کہنے پر ایک ہونے والے انتخابات میں شکست دیکھ کر راہِ فرار اختیار کررہے ہیں ۔

حافظ نعیم نے سیاسی صورتِ حال پر ریاستی اداروں سے بھی سوال کرتے ہوئے کہا کیا یہ سب اُن کی مرضی سے ہو رہا ہے؟ اے پولیٹیکل کا دعویٰ کیا ہے تو عمل سے بھی پتا چلنا چاہیے۔

پاکستان تحریک تحریک انصاف کے علی زیدی بھی متحدہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر برس پڑے اور کہا کہ ماضی میں خالد مقبول کو را کا ایجنٹ کہنے والے مصطفیٰ کمال یا تو پہلے منافق تھے یا اب منافقت کر رہے ہیں ۔

خیال رہے کہ 15 جنوری کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں پولنگ ہوگی جس کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

مزید خبریں :