13 جنوری ، 2023
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن ڈیفالٹ کا زیرو فیصد خطرہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں جلد بحران سے نکل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہی سے 1700 سے زائد انسانی جانوں کا نقصان ہوا، 90 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے، سیلاب سے 80 لاکھ افراد کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 3 سالہ ایجنڈا تیار کیا ہے سیلاب کے نقصانات کا ازالہ کرنے میں دو سے تین سال لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالر سے زائد امداد کا وعدہ کیا گیا،عالمی برادری اور عالمی مالیاتی اداروں سے مل کر تعمیر نو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی تعمیر نو کے ایجنڈے کے مطابق 50 فی صد وسائل حکومت فراہم کرے گی جبکہ پچاس فی صد وسائل جینوا کانفرنس میں کئے عالمی وعدوں سے پورے کئے جائیں گے۔