13 جنوری ، 2023
کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیوایم) کی جانب سےڈی لمیٹیشن پر تحفظات کے بعد سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 تاریخ کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
بلاول بھٹو کی صدارت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور بعض دیگر وزرا کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں البتہ سندھ کے باقی تمام اضلاع میں الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے۔
بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سے فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد میں فیصل سبزواری ، مصطفیٰ کمال، وسیم اختر، جاوید حنیف شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد نے سندھ کابینہ کے بلدیاتی حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔