14 جنوری ، 2023
سابق قومی کھلاڑی اور پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ کوئی کمنٹ کروں، بابر اعظم کی کپتانی پر اپنی کوئی رائے نہیں دے سکتا، نائب کپتان کو کھلانے یا نہ کھلانے کا ڈومین میرا نہیں ہے۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا کہ پہلے دو میچز کے دوران دوسری اننگز میں گیند زیادہ ٹرن ہورہی تھی، تیسرے ون ڈے میں ایسا نہیں ہوا، لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں ہم اس سے زیادہ اچھی کرکٹ کھیل سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 280 کا اسکور اچھا تھا لیکن پھر بھی 20 رنز کم تھے، نیوزی لینڈ کی جیت کا سہرا فلپس کو جاتا ہے جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں، ٹیسٹ سیریز میں ہمارے اہم بولرز ان فٹ ہوگئے تھے۔