15 جنوری ، 2023
ٹی وی یا دیگر اسکرینوں کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
فوجان یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اسکرین کے سامنے گزارے جانے والا ہر گھنٹہ کسی فرد میں ڈپریشن کا خطرہ 5 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ اسمارٹ فون، کمپیوٹر یا دیگر اسکرینوں کے سامنے بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا ذہنی امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
مگر اس نئی تحقیق میں اسکرینوں کے سامنے گزارے جانے والے وقت اور ڈپریشن کے درمیان ٹھوس تعلق کی نشاندہی کی گئی۔
اس تحقیق میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد پر ہونے والی 16 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کرنے پر دریافت ہوا کہ اسکرینوں کے سامنے گزارے جانے والے وقت سے ڈپریشن کا خطرہ ہر گھنٹے کے ساتھ بڑھتا رہتا ہے۔
مثال کے طور پر اسکرین کے سامنے 2 گھنٹے گزارنے سے یہ خطرہ 10 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ بہت زیادہ وقت اسکرین کے سامنے گزارنے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ 26 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
محققین نے کہا کہ ہم نے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے اور ڈپریشن کے درمیان تعلق کو دریافت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس طرح کا پہلا تجزیہ ہے جس میں اسکرینوں کے وقت اور ڈپریشن کے درمیان تعلق کو ثابت کیا گیا۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف Affective Disorders میں شائع ہوئے۔