Time 15 جنوری ، 2023
پاکستان

کراچی: چنیسر گوٹھ میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا، کونسلر کے امیدوار پر بہیمانہ تشدد

پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، ایک سیاسی جماعت کے کونسلر کے امیدوار پر دوسری جماعت کے کارکنوں کی جانب سے تشدد کیا گیا۔ فوٹو اسکرین گریب
 پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، ایک سیاسی جماعت کے کونسلر کے امیدوار پر دوسری جماعت کے کارکنوں کی جانب سے تشدد کیا گیا۔ فوٹو اسکرین گریب

کراچی کے علاقے چنیسر گوٹھ کے پولنگ اسٹیشن میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا اور سیاسی کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے پر تشدد بھی کیا گیا۔

چنیسر گوٹھ کے یو سی 8 میں واقع گورنمنٹ بوائر اینڈ گرلز سیکنڈری ہائی اسکول میں واقع پولنگ اسٹیشن میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، ایک سیاسی جماعت کے کونسلر کے امیدوار پر دوسری جماعت کے کارکنوں کی جانب سے تشدد کیا گیا۔

محمود آباد پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن کو مخالف جماعت کے لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنایا، صورتحال کنٹرول کرنےکے بعد گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

سیاسی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے دوسری جماعت کے کارکنوں پر ڈنڈوں، لاتوں اور گھونسوں کا کھلم کھلا استعمال کیا گیا اور پولنگ اسٹیشن میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

بڑی تعداد میں افراد پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو گئے اور اس دوران مشتعل افراد کی جانب سے جیو کی ٹیم پر بھی حملہ کیا گیا اور کیمرا چھیننے کی کوشش کی گئی۔

اس تمام تر صورتحال میں پولیس خاموش تماشائی بنی رہی تاہم فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں اور ووٹرز نے بیچ بچاؤ کرایا۔ بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور تمام افراد کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال کر صورت حال پر قابو پایا۔

مزید خبریں :