موجودہ پاکستانی پلیئرز اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، سابق بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

سابق بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان کا کہنا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے پلیئرز کو پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے۔

انٹرنیشنل لیگ( آئی ایل) ٹی ٹوئنٹی میں شریک یوسف پھٹان نے دبئی میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی پلیئرز آئی ایل لیگ میں ہوتے تو سب کو مزہ آتا۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایٹ ملکوں کی لیگ سے کھیل کو ترقی ملے گی، پاکستان اور بھارت کے پلیئرز ایک دوسرے کے خلاف بہت انجوائے کرتے ہیں۔

یوسف پٹھان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا مقابلہ دنیا دیکھنا چاہتی ہے، پلیئرز کو بھی سیکھنے کو ملتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کب ہوتی ہے یہ تو ملکوں کے بڑوں نے طے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے بھارت کو اب بھی پاکستان ٹیم کے خلاف برتری حاصل ہے، بڑے ٹورنامنٹ میں انڈیا کا پاکستان کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے، وہ پریشر اچھا ہینڈل کرتا ہے، ایسا نہیں کہ ہمیشہ ایک ہی ٹیم جیتے، لیکن انڈیا کا ریکارڈ اچھا ہے۔

یوسف پٹھان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس کافی اچھے کرکٹرز رہے ہیں،پاکستان کے ٹاپ پلیئرز اور بینچ میں کافی فرق ہے، بھارت کی بینچ اسٹرینتھ بہت اچھی ہے،ہر پلیئر کا متبادل موجود ہے ، اچھی بات ہے کہ پاکستان کو دو ، تین اچھے پلیئرز ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستانی  پلیئرز اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

مزید خبریں :