17 جنوری ، 2023
لاہور: ن لیگ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے دو نام گورنر کو بھجوا دیے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ کیلئے دونوں نام پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز نے بھجوائے ہیں۔
ن لیگ کی جانب سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کے بھجوائے گئے ناموں سے متفق نہیں ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے نگران وزیر اعلیٰ کے معاملے پر مزید مشاورت کیلئے ملک احمد خان کو نامزد کر دیا ہے۔
ن لیگ کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ اور محسن نقوی کےنام بھجوائےگئےہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ اتحاد کے دیے گئے تین ناموں میں سے ایک ناصر کھوسہ نے نگران وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی ہے۔
ن لیگ کے ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار کے سابق صدر احسن بھون سے رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے بھی نگران وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی ہے۔
پرویز الہٰی کے دیے گئے تین ناموں میں سے ایک کی معذرت کے بعد اب احمد نواز سکھیرا اور محمد نصیر خان میدان میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس معاملے پر اتحادیوں آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر مشاورت کی ہے۔
چوہدری شجاعت نے شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔
نگران وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اپوزيشن کے پاس مشاورت سے معاملہ حل کرنے کا وقت رات 10 بجے تک ہے۔
رات 10 بج کر 10 منٹ تک اگر کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا جائے گا جو حکومت اور اپوزيشن کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائيں گے۔
اس کمیٹی کو حکومت اور اپوزيشن دو دو نام بھیجیں گے، کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہے، ایسا نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان میں سے کسی ایک کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کردے گا۔