18 جنوری ، 2023
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ یہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کا مناسب وقت نہیں ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارت کو مذاکرات کی دعوت پر جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں ردِعمل دیتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت کو مذاکرات کی دعوت دینے سے پہلے ان سے مشورہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو سنجیدہ اور مثبت مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان اور بھارت کو فضول کی کشمکش اور مخاصمت سے نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت نے 3 جنگیں لڑ کر بھوک بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں پایا، عوام افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے، اب ہمیں یہ روکنا ہوگا لہٰذا دونوں ملکوں کو اختلافات دور کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا، کشمیر سمیت تمام متنازع مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کرنا ناگزیر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی روکنا ہوگی، بھارت نے 2019 کے متنازع آرٹیکل سے کشمیرکی اُصولی حیثیت کو پامال کیا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے۔