18 جنوری ، 2023
لاہور: لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کپتانی پر فوکس کرنے کی بجائے دوسرے معاملات دیکھے جو زیادہ اہم ہیں ۔
عاقب جاوید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کپتانی چھوڑ کر دوسرے معاملات دیکھنا ہوں گے، کپتانی کے حوالے سے یکدم شور مچنا پتا نہیں کیوں شروع ہوگیا ہے، شاید اس لیے کہ سرفراز احمد نے دو ٹیسٹ میچز میں اچھا پرفارم کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لابیز ایسی ہیں جو اپنی خواہشات کے لیے کپتانی کے حوالے سے بات کر رہی ہیں لیکن یہ وقت نہیں کیونکہ بورڈ نے پہلے ہی نائب کپتان کا تقرر کر کےغلط فیصلہ کیا، شان مسعود کو پہلے دو ون ڈے میچز میں کپتان اور کوچ نے کھلایا ہی نہیں، اس لیے بورڈ کو اب جلد بازی میں نہیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کپتانی کے علاوہ بے شمار ضروری چیزیں ہیں جو بورڈ کو کرنا ہیں، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی جیسے معاملات زیادہ اہم ہیں اس لیے کپتانی کی بجائے اہم معاملات پر فوکس کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے مقامی کھلاڑیوں کا کیمپ 4 فروری سے شروع ہوگا، قلندرز کی انتظامیہ پی ایس ایل 8 کے لیے پرجوش ہے، ہمارے لیے پہلے چار ایڈیشنز مشکل تھے، وہ مشکل ختم ہو چکی ہے، ہماری کمی کپتان کی تھی جو شاہین آفریدی نے پوری کردی ہے اس وقت ٹیم کمبی نیشن کے لیے لاہور قلندرز کے پاس جتنے آپشنز ہیں کسی اور کے پاس نہیں ہیں۔