پاکستان
Time 18 جنوری ، 2023

کیماڑی میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم، پتھروں اور ڈنڈوں کا استعمال

کراچی: ڈپٹی کمشنر آفس کیماڑی کے باہر پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکن احتجاج کے دوران ایک دوسرے سے لڑ پڑے، فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا گیا۔

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ضلع کیماڑی کے ڈی سی آفس میں ڈی آر او کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان بھی ڈی آر او کیماڑی کے دفتر کے باہر موجود تھے، دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

اسی دوران پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکن مشتعل ہو گئے اور ایک دوسرے پر پتھروں اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جبکہ پولیس کی جانب سے بھی مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے غنڈوں نے علی زیدی اور میڈیا پر حملہ کیا۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے حملہ کیا، پیپلز پارٹی نے حملے کے لیے غنڈے بھیجے ہوئے تھے۔

علی زیدی نے کہا کہ مسئلہ حل ہو گا جب سرکار کو عقل آئے گی، ابھی سرکار اقتدار کے غرور میں بیٹھی ہوئی ہے، ہم کیماڑی میں 13یو سیز جیتے ہوئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے نتائج تبدیل کیے جا رہے ہیں، یہ ملک کو افراتفری کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :