19 جنوری ، 2023
ضلع دادو کی میونسپل کمیٹی میہڑ کے چیئرمین کے امیدوار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نیاز برڑو کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا انڈس ہائی وے پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما نیاز برڑو کے خلاف فائرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
نیاز برڑو کی گرفتاری کے خلاف میہڑ میں سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی اور پی ٹی آئی کے کارکن دوسرے روز بھی انڈس ہائی وے پر دھرنا دیے ہوئے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہےکہ فارم 14 کی وصولی اور نیاز برڑو کی رہائی تک احتجاجی دھرنا جاری رہےگا۔
دوسری طرف احتجاج کے باعث انڈس ہائی وے پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، دھرنے کو 30گھنٹے سے زائدگزرنے پر مسافروں کو سرد موسم میں سخت پریشانی کا سامنا ہے۔
ادھر نیاز برڑو کو میہڑ کی مقامی عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے نیاز برڑو کو 10 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم سنادیا۔