Time 20 جنوری ، 2023
کھیل

علی سیٹھی پی ایس ایل کا گانا گائیں گے یا نہیں؟ نجم سیٹھی نے واضح کردیا

لاہور میں پی ایس ایل 8 کے شیڈول کے اعلان کے دوران پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ علی سیٹھی کو بھی اس بات کا افسوس ہے— فوٹو: فائل
لاہور میں پی ایس ایل 8 کے شیڈول کے اعلان کے دوران پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ علی سیٹھی کو بھی اس بات کا افسوس ہے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ افسوس علی سیٹھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا گانا نہیں گا سکےگا۔

لاہور میں پی ایس ایل 8 کے شیڈول کے اعلان کے دوران پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ علی سیٹھی کو  بھی اس بات کا افسوس ہے، جب میں نہیں ہوں گا تب علی سیٹھی کو لے آئیں گے۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ میری پوزیشن بھی دیکھیں، میں تنازع میں نہیں پڑنا چاہتا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی سابقہ منیجمنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اینتھم کیلئے علی سیٹھی سے رابطے میں تھی جس کیلئے نجم سیٹھی کے صاحبزادے علی سیٹھی امریکا سے لاہور بھی آگئے تھے۔

تاہم نجم سیٹھی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد علی سیٹھی سے معاملات معطل کرادیے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کیلئے یہ قدم اٹھایا۔

دوران پریس کانفرنس نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ پی ایس ایل سے قبل 5 فروری کو ہوگا، رمیز  راجہ 100 مرتبہ آئیں کمنٹری کریں ہماری طرف سے رکاوٹ نہیں،یہ میرے ہاتھ میں نہیں براڈ کاسٹنگ ٹیم نے فیصلہ کرنا ہے۔

مزید خبریں :