20 جنوری ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رکن قومی اسمبلی نے اسپیکر کو خط لکھ کر اپنا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ناصر خان موسٰی زئی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھا ہے۔
خط میں ناصر خان موسٰی زئی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے استعفیٰ منظور نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔
ناصر خان کا کہنا ہے کہ اسپیکر آفس استعفوں کے معاملے کو اچھی طرح جانتا ہے، میرا استعفیٰ دینےکا کوئی ارادہ نہیں۔
ناصر خان NA-29(Peshawar-III)سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ آج اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔
اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔
اب تک مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 79 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 80 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔