کاروبار
Time 20 جنوری ، 2023

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 4 ارب ڈالرز سے زائد کی غذائی اشیاء درآمد کی گئیں

جولائی تادسمبر 2ارب 8 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز کا پام آئل اور 31کروڑ87 لاکھ ڈالرز کی چائے درآمد کی گئی: ادارہ شماریات— فوٹو:
جولائی تادسمبر 2ارب 8 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز کا پام آئل اور 31کروڑ87 لاکھ ڈالرز کی چائے درآمد کی گئی: ادارہ شماریات— فوٹو: 

ادارہ شماریات نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات  کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیے۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 4 ارب 91 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز کی غذائی اشیاء درآمد کی گئیں اور سالانہ بنیاد پر غذائی اشیاء کی درآمد میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی تادسمبر 31کروڑ87 لاکھ ڈالرز کی چائے درآمد کی گئی، سالانہ بنیادوں پر چائے کی درآمدات میں 6.05 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اسی ششماہی میں  2ارب 8 کروڑ 22 لاکھ ڈالرز کا پام آئل درآمد کیا گیا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ 6 ماہ کے دوران 60 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز کی گندم درآمد کی گئی، سالانہ بنیادوں پر گندم کی درآمد میں 29.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ  53 کروڑ 52 لاکھ ڈالرز کی دالیں درآمد کی گئیں، سالانہ بنیادوں پر دالوں کی درآمد میں 54.13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی تا دسمبر 2 کروڑ 16 لاکھ ڈالرز کا ڈرائی فروٹ درآمد کیا گیا، سالانہ بنیادوں پرڈرائی فروٹ کی درآمدات میں 39.44 فیصد کمی آئی، جولائی تا دسمبر 33 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کی چینی درآمد کی گئی جبکہ اسی عرصے میں 8 کروڑ 14لاکھ ڈالرز کا دودھ، کریم، بچوں کا فارمولا دودھ درآمد ہوا، اس کے علاوہ ایک ارب 3 کروڑ ڈالرز کی دیگر غذائی اشیاء درآمد کی گئیں۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ دسمبر 2022 میں 14 کروڑ 88 لاکھ ڈالرز کی گندم درآمد کی گئی، دسمبر 2022 میں 43 لاکھ ڈالرز کا ڈرائی فروٹ،  7 کروڑ 7لاکھ ڈالرز کی چائے اور 12 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز کی دیگر غذائی اشیاء درآمد کی گئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر2022 میں 3 لاکھ 27 ہزار ڈالرز کی چینی درآمد کی گئی۔