23 جنوری ، 2023
کراچی: اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو 18 جنوری تک منگوایا گیا درآمدی سامان 31 مارچ تک کلیئر کرنے کی ہدایت کردی۔
کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہےکہ صارفین کو درآمدی سامان خریدنے سے پہلے اجازت لینے کا پابند بنائیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کو درآمدی دستاویزات کلیئرکرنےکا طریقہ کار فراہم کیا ہے، بینکوں کوخوراک، دوائیں اور توانائی وغیرہ کی درآمدات کو ترجیح دینے کا کہا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہےکہ کاروباری طبقے نے بندرگاہ پر درآمدی مال پھنسنے کی نشاندہی کی ہے، شپنگ دستاویزات کلیئر نہ ہونے کے سبب بندرگاہ پر مال پھنسا ہے جس پر بینکوں کو کہا ہےکہ 180 یا اس سے زائد دن کی ادائیگیوں کی درآمدات پہلے کلیئر کریں، بینک زرمبادلہ کا انتظام کرکے ادائیگی کرنے والوں کے دستاویزات کلیئر کریں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کو 18جنوری تک منگوایا گیا سامان 31 مارچ تک کلیئر کرنےکا کہا ہے اور ہدایت کی کہ پورٹ پر پہنچی شپمنٹ کے دستاویزات کلیئرکریں جب کہ بینکوں کو یہ بھی ہدایت ہے کہ صارفین کو درآمدی سامان خریدنےسے پہلے اجازت لینے کا پابند بنائیں۔