Time 23 جنوری ، 2023
انٹرٹینمنٹ

جیو کے ڈرامے ’تیرے بن‘ میں یمنیٰ زیدی کا پہلا گلیمرس لک، وہاج کیساتھ کام کا تجربہ کیسا رہا ؟

پاکستان کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی کا کہنا ہے کہ انھوں نے  ڈرامہ سیریل’ تیرے بن ‘ کیلئے میں نے   اپنا لک ،  اپنی اداکاری  پچھلے تمام کرداروں سے مختلف کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ  میں اب تک سادگی سے کرداروں کا نبھاتی آئی ہوں۔

جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے ڈرامے ’تیرے بن‘ میں یمنیٰ زیدی میرب کے کردار میں دکھائی دے رہی ہیں ،جاگیردارانہ نظام، رسم و روایات اور رشتوں کے گرد گھومتی اس کہانی میں میرب ایک کھلے ذہن کی، حق پر ڈٹ جانے والی نڈر اور بے باک لڑکی ہے، البتہ جاگیردارانہ نظام سے ابتدائی چند اقساط میں اس کی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں  کو متاثر ہوتے دیکھا گیا ہے۔

مختلف کرداروں کو سادگی مگر خوبصورتی سے کرنے والی یمنیٰ زیدی اس مرتبہ گلیمرس کردار ادا کررہی ہیں انہوں نے جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ’’ اس بار میں نے اپنا لک، اپنی اداکاری پچھلے تمام کرداروں سے مختلف کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ میں اب تک سادگی سے کرداروں کا نبھاتی آئی ہوں ۔

میرا خیال ہے کہ کسی بھی چیز کو بریک دینا، بہتر کرنا یا بدلنا ضروری ہوتا ہے: یمنیٰ زیدی 

 انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کسی بھی چیز کو بریک دینا، بہتر کرنا یا بدلنا ضروری ہوتا ہے ،چاہے وہ گھر کا فرنیچر ہو  یا آپ کی ظاہری شخصیت ہو ،  بس کوشش یہ ہے کہ یہ بدلاؤ اسکرین پر اسی طرح نظر آئے جس طرح سوچا ہے‘

سوشل میڈیا پر اس کردار کے بارے میں  عتیقہ اوڈھو نے کہا تھا کہ پہلی قسط میں میرب ایک ببلی سی لڑکی دکھائی دی ہے میرا خیال ہے کہ اب یمنیٰ کو میچیور کردار کرنے چاہئیں البتہ اداکارہ نے ان کی پرفارمنس کی تعریف بھی کی تھی ۔

البتہ اس کردار کے بارے میں یمنیٰ زیدی کا کہنا ہے کہ ’میرب کا کردار ایسی لڑکی کا ہے جو حویلی کے ماحول میں نہیں پلی بڑھی اسلیے جب وہ حویلی میں آتی ہے اس لڑکی  کے لیے  وقت گزارنا مشکل ہوجاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے حویلی میں رہنے والے لوگ نہیں پسند کرتے   وہ ایک مختلف ماحول کی عادی لڑکی ہے، اس کردار کو بلکل ببلی تصور نہ کیا جائے میرب ایک میچیور لڑکی ہے اور اسے اپنے لیے اسٹینڈ لینا آتا ہے‘

سوشل میڈیا پر میرب کے کردار کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ یہ ایک بدخلق لڑکی دکھائی دے رہی ہے البتہ اداکارہ نے میرب کے رویے سے متعلق کہا کہ انہیں بھی یہ دیکھ کر اچھا نہیں لگتا جس طرح میرب اپنے بڑوں سے بات کرتی ہے لیکن بہرحال یہ ایک کہانی ہے۔

اس سوال پر کہ میرب کا کردار، یمنیٰ سے کتنا ملتا جلتا ہے ؟ اداکارہ نے کہا کہ یہ کردار ان سے بلکل مشابہت نہیں رکھتا،مجھے لگتا ہے کہ میرب کی ایک ہی لائن ہے کہ اسے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا جنون ہے ،  اس نے باقی تمام چیزوں کو سائیڈ پر کیا ہوا ہے اور اس بات پر شاید اسےسبق بھی مل جائے۔

یمنیٰ نے کہا کہ ہدایتکاری کی بات کی جائے تو جب بھی وہ اسکرین پر گلیمرس دکھنا چاہتی ہیں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ سراج الحق کے ساتھ کام کروں،  انہوں نے کہا کہ یہ ان کا سراج الحق کے ساتھ تیسرا ڈرامہ ہے اور انہیں گلیمرس اور کانٹیمپوریری کرافٹ پر عبور حاصل ہے  یہی  وجہ ہے کہ وہ ڈرامہ انڈسٹری کے تعلیم یافتہ ڈائریکٹر مانے جاتے ہیں ۔

اداکارہ نے وہاج علی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہاج ایک کمال اداکار ہیں اور اس بار مرتسم کے کردار میں ان کی پرفارمنس دیکھ کر میں خود حیران ہوں ، انہوں نے بہترین کام کیا ہے‘‘

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل تیرے بن میں وہاج علی مرتسم کا کردار نبھا رہے ہیں ،  اس سے قبل وہ ’دل نہ امید تو نہیں‘ میں یمنیٰ زیدی کے ساتھ اسکرین پر نظر آئے تھے ۔

مزید خبریں :