23 جنوری ، 2023
ٹک ٹاک کے فار یو پیج میں ویڈیوز صرف اس لیے نظر نہیں آتی کیونکہ الگورتھم کو علم ہوتا ہے کہ آپ اس طرح کا مواد پسند کرتے ہیں۔
درحقیقت کمپنی کا ایک خاص فیچر بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتا ہے۔
امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کے ملازمین ممکنہ وائرل ویڈیو کو پھیلانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ میں ٹک ٹاک کے 6 موجودہ اور سابقہ ملازمین کے حوالے سے بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا عملہ ہیٹنگ (heating) نامی فیچر کو استعمال کرکے ایسی ویڈیوز کا انتخاب کرتا ہے جو وائرل ہوسکتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیٹنگ فیچر سے ویڈیوز کو فار یو پیج میں شامل کیا جاتا ہے تاکہ اس ویڈیو پر مخصوص تعداد تک ویوز (views) کو بڑھایا جاسکے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے فیچر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم کچھ ویڈیوز کو پروموٹ کرکے اپنے مواد کا تنوع بڑھاتے ہیں اور ٹک ٹاک صارفین کو مختلف تخلیق کاروں سے متعارف کراتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے وائے دس ویڈیو (why this video) فیچر کو توسیع دی جارہی ہے تاکہ تجویز کیے جانے والے مواد کا عمل زیادہ شفاف بنایا جاسکے۔
فوربز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹک ٹاک کے ملازمین ہیٹنگ فیچر کو تخلیق کاروں کو متوجہ کرنے، مواد کا تنوع بڑھانے اور اہم تفصیلات کو پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
عموماً اس فیچر کے تحت ایسی ویڈیوز پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے جو ریکومینڈیشنز الگورتھمز نظرانداز کردیتے ہیں۔