24 جنوری ، 2023
لاہور: ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کے لیے انڈین ٹیم کو این او سی جاری کردیا گیا۔
صدر پاکستان بیس بال فیڈریشن فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے این او سی کے خطوط مل گئے ہیں ،این او سی انڈیا بیس بال فیڈریشن کے سیکرٹری ہریش کمار کو بھجوا دیے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی دستے کے پاسپورٹ پہلے ہی جمع ہیں ، آج لیٹر جمع کرا دیا جائے گا ، امید ہے کہ بھارتی ٹیم کو جلد ویزے مل جائیں گے اوروہ پاکستان آئے گی ۔
خیال رہے کہ ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 25 جنوری سے یکم فروری تک اسلام آباد میں شیڈولڈ ہے، ایونٹ میں پاکستان، سری لنکا ، فلسطین ، بنگلا دیش، افغانستان اور انڈیا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
واضح رہے کہ غیر ملکی ٹیمیں کل سے پاکستان پہنچنا شروع ہو رہی ہیں تاہم لاہور ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کے میچز27 جنوری سے شروع ہوں گے۔