Time 25 جنوری ، 2023
انٹرٹینمنٹ

دونوں بیٹے میرے سب سے بڑے نقاد ہیں، وہ فلم دیکھ کر رو پڑے: جمائمہ

پاکستان کو رنگوں سے بھرے، ایک خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی: جیونیوز سے خصوصی بات چیت/ اسکرین گریب
پاکستان کو رنگوں سے بھرے، ایک خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی: جیونیوز سے خصوصی بات چیت/ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ نے اپنی آنے والی فلم what love got to do with it  سے متعلق بتایا کہ وہ ان کے بیٹوں کو بھی بے حد پسند آئی۔

جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں فلم سے متعلق جمائمہ نے کہا کہ میں ایسی فلم بنانا چاہتی تھی جو پاکستان کی پذیرائی پر مبنی ہو، میں پاکستان کو رنگوں سے بھرے، ایک خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی۔

مذکورہ فلم ایک کراس کلچرل رومانٹک کامیڈی ہے جس میں جمائمہ نے پاکستان کے ایک مختلف اور بہتر پہلو کو پیش کیا ہے، جمائمہ اس فلم کی  رائٹر اور پروڈیوسر ہیں جس میں پاکستانی اداکارہ سجل علی اور بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے اہم کردار ادا کیا ہے، what love got to do with it آئندہ ماہ ریلیز کی جائے گی۔

آنے والی فلم کے بارے میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فلمساز نے کہا کہ انہوں نے یہ فلم اپنے بچوں  قاسم خان اور سلیمان خان کو دکھائی جو ان کے سب سے بڑے نقاد بھی ہیں۔

جمائمہ نے کہا کہ بیٹوں کا ردعمل میرے پورے فلمی تجربے کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ انہیں کامیڈی اور رومانٹک طرز کی فلمیں پسند نہیں اور وہ میرے سب سے بڑے نقاد ہیں، ظاہر ہے وہ آدھے پاکستانی مسلمان بچے ہیں لہٰذا اس فلم کے لیے ان کی پسندیدگی میرے لیے بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹوں نے فلم دیکھی تو آخری لمحات میں ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ ماں ہمیں آپ پر فخر ہے، ان کا مجھے ایسا کہنا میرے لیے اہم لمحہ تھا۔

جمائمہ نے مزید بتایا مجھے لگتا ہے کہ دونوں بیٹے جانتے تھے کہ میں نے اس پر کتنی محنت کی ہے، اس وقت میں نے سوچا کہ اب اگر کوئی اس فلم کو پسند نہیں بھی کرتا تو یہ ایک ایسا لمحہ ہے جس پر مجھے ہمیشہ فخر رہے گا۔

مزید خبریں :