25 جنوری ، 2023
انسٹاگرام نے ایک نیا فیچر ڈائنامک پروفائل فوٹو متعارف کرا دیا ہے۔
اس فیچر سے صارفین پروفائل فوٹو اور ڈیجیٹل اواتار کو بیک وقت پروفائل پکچر کے طور پر استعمال کرسکیں گے۔
اس فیچر سے قبل صارفین پروفائل فوٹو یا اواتار میں سے کسی ایک کو پروفائل کے لیے استعمال کرسکتے تھے۔
مگر اب دونوں کو کسی سکے کی طرح گھما کر دیکھنا ممکن ہوجائے گا۔
میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اب آپ اپنی تصویر کی دوسری جانب اواتار کا اضافہ کرسکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق پروفائل پر آنے والے افراد تصویر پر کلک کرکے دونوں پروفائل فوٹوز کو دیکھ سکیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا بھی آسان ہے بس ایڈٹ پروفائل بٹن پر کلک کریں اور وہاں اپنے ڈیجیٹل اواتار کا اضافہ کریں۔
ایسا کرنے کے بعد آپ کی پروفائل فوٹو خودکار طور پر اواتار کے ساتھ منسلک ہوجائے گی۔
سوشل میڈیا نیٹ ورک کے مطابق یہ پہلی بار ہے جب اواتار animation کو متعارف کرایا جارہا ہے۔
انسٹاگرام میں اواتار بنانے کا فیچر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے ڈائنامک پروفائل فوٹو فیچر سے زیادہ نمایاں کیا جارہا ہے۔
میٹا کی دیگر ایپس جیسے فیس بک، واٹس ایپ اور میسنجر میں بھی ڈیجیٹل اواتار بنانا ممکن ہے، مگر ڈائنامک پروفائل فوٹو کا فیچر ابھی ان سروسز کا حصہ نہیں بنا۔