25 جنوری ، 2023
کراچی ایسٹ کی ٹیپو سلطان پولیس نے ایک کارروائی کے دوران برقع پوش خاتون کو گرفتار کرکے ساڑھے تین کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کرلی۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ملزمہ ناہید کی گرفتاری پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں چنیسر ہالٹ ریلوے پھاٹک سے عمل میں آئی۔ گرفتار ملزمہ منشیات کی مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے میں ملوث رہی ہے۔
ایس ایچ او ٹیپو سلطان عظمیٰ خان کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزمہ منشیات سپلائی کرنے جا رہی تھی، قبضے سے ساڑھے 3 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
عظمیٰ خان کے مطابق گرفتار ملزمہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں منشیات سپلائی کے دھندے میں اور بھی کئی برقع پوش خواتین ملوث ہیں۔ ملزمہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دلشاد عرف مامی نامی عورت منشیات فروش خواتین کے گروہ کی سرغنہ ہے۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی چرس دلشاد عرف مامی کے اڈے سے لے کر سپلائی کیلئے لے جائی جا رہی تھی۔ ملزمہ کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 12/23 درج کرکے شعبہ تفتیش کے حوالے کردیا گیا ہے۔