کپل شرما شو چھوڑنے والے معروف کامیڈین نے 'واپسی' کی تصدیق کردی

لوگوں نے مجھے کہا کہ دوبارہ اس شو میں کبھی نہیں جانا، کپل میں بہت غرور آگیا ہے اور اب وہ بدل چکا ہے: اداکار/ فائل فوٹو
لوگوں نے مجھے کہا کہ دوبارہ اس شو میں کبھی نہیں جانا، کپل میں بہت غرور آگیا ہے اور اب وہ بدل چکا ہے: اداکار/ فائل فوٹو

دنیا بھر میں مقبول بھارتی کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' چھوڑنے والے معروف اداکار نے پروگرام میں واپسی کی تصدیق کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈین کرشنا ابھیشیک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ کپل سمیت پوری ٹیم کو بے حد یاد کررہے ہیں، کپل ناصرف ان کا اچھا دوست بلکہ بھائیوں کی طرح ہے اور کپل نے ان کا شو کے دنوں میں بہت خیال رکھا۔

کرشنا ابھیشیک نے کہا کہ 'لوگوں نے مجھے کہا کہ دوبارہ اس شو میں کبھی نہیں جانا، کپل میں بہت غرور آگیا ہے اور اب وہ بدل چکا ہے لیکن میں یہاں سب کی غلط فہمی دور کردوں کہ کپل بہت ہی محنتی فنکار ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'جو کپل کررہا ہے وہ آسان کام نہیں ہے، ہمارے لیے اتنے سالوں سے اس طرح کا کام کرنے کے بعد نیا مواد تخلیق کرنے میں مشکل ہوتی ہے لیکن کپل ہمیشہ کچھ نیا لاتا ہے'۔

اپنی واپسی سے متعلق کرشنا نے کہا کہ 'جیسا میں نے سوچا تھا، سونی ٹی وی کے ساتھ ویسی ڈیل نہیں ہوسکی لیکن ایسا نہیں کہ ہمارے کچھ اختلافات ہیں، بات چیت کرکے ضرور کوئی راہ نکالیں گے اور مجھے مداح شو میں واپس دیکھ سکیں گے'۔

کرشنا ابھیشیک نے یہ بھی کہا کہ وہ کپل کی بہت عزت کرتے ہیں اور کپل بھی ان کی عزت کرتا ہے لہٰذا شو میں واپس آنے کی امید اب بھی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کرشنا نے اعلان کیا تھا کہ وہ شو کے نئے سیزن کا حصہ نہیں ہوں گے، اس سے قبل شو کو سنیل گروور سمیت علی اور بھارتی سنگھ نے بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔

مزید خبریں :