کپل شرما شو میں دادی بننے پر بچوں کو اسکول میں ہراساں کیا گیا: کامیڈین کا انکشاف

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت کے معروف کامیڈین علی اصغر نے انکشاف کیا ہے کہ 'دی کپل شرما شو' میں دادی کا کردار نبھانے کے سبب ان کی نجی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

بھارتی ڈانس شو 'جھلک دکھلا جا' کے امیدوار علی اصغر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خواتین والے کردار کو صرف اس لیے قبول کیا تھا کیونکہ کام نہیں مل رہا تھا۔

علی اصغر نے انکشاف کیا 'میرے بچوں کو اسکول میں میرے کردار کی وجہ سے ہراساں کیا جاتا تھا، بچے انہیں کہتے کہ تمہاری دو دو مائیں ہیں، تمہارے والد دادی کا کردار نبھاتے ہیں۔'

بھارتی اداکار نے اپنے گھر کا ایک واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ 'میرے دونوں بچے مجھ سے اتنا زچ ہوگئے تھے کہ ایک روز کھانے کی میز پر میرا بیٹا لڑ پڑا، اس نے کہا کیا آپ کو کوئی اور کام نہیں آتا؟ ساتھ ہی وہ میز سے اٹھ کر اپنے کمرے میں چلا گیا'۔

انہوں نے کہا 'میری مجبوری تھی، اس سب کے بعد بھی میں بچوں کی باتوں کو نظر انداز کر دیتا تھا اور ہر اتوار تیار ہوکر سیٹ پر چلا جاتا تھا'۔

واضح رہے کہ علی اصغر ایک عرصے تک دی کپل شرما شو میں بسنتی اور دادی کا کردار نبھاتے رہے لیکن اب انہوں نے شو کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

مزید خبریں :