پاکستان
Time 26 جنوری ، 2023

پرویزالہٰی نے فواد چوہدری کے حوالے سے دیے گئے بیان پر معذرت کرلی

تقریر کے دوران فوادچوہدری سےمتعلق جو گفتگو کی اس پر معذرت خواہ ہوں: پرویز الہیٰ— فوٹو: فائل
تقریر کے دوران فوادچوہدری سےمتعلق جو گفتگو کی اس پر معذرت خواہ ہوں: پرویز الہیٰ— فوٹو: فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے حوالے سے دیے گئے بیان پر معذرت کرلی۔

اپنے بیان میں پرویز الہیٰ نے کہا کہ تقریر کے دوران  فوادچوہدری سےمتعلق جو گفتگو کی اس پر معذرت خواہ ہوں، فواد چوہدری کی فیملی سے ہمارے دیرینہ  تعلقات ہیں،  میرے بیان سے ان کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر معذرت خواہ ہوں۔

سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ساڑھے 5 ماہ میں پانچ سال کا کام کیا، میں کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دیں، اب اسمبلی توڑ دی ہے دیکھو کیا حال ہے، ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے، ن لیگ والے ملے جو کہتے تھےکہ شکر ہے اسمبلی ٹوٹی ورنہ ہماری سیاست ختم تھی۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔

اس پر حماد اظہر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ کیا سیاست ہے کہ کبھی ایک سے مل کر پنجاب حکومت بنالیں کبھی دوسرے کے ساتھ اور کبھی کوئی اور سازش کر کے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ووٹ بینک کوئی ہے نہیں، چار بندے اِدھر سے لیے، چار اُدھر سے اور پارٹی بنالی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلی توڑتے وقت اچھی طرح مشکلات کا اندازہ تھا، کل فواد چوہدری کا کوئی نقصان نہیں ہوا، وہ قوم کا ہیرو بنا ہے۔

مزید خبریں :