27 جنوری ، 2023
پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی عرب آنے پر لاکھوں ڈالرز مالیت کی قیمتی گھڑی کا تحفہ دیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 37 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی کلب النصر کا حصہ بننے پر7 لاکھ 80 ہزار (لگ بھگ 19 کروڑ پاکستانی روپے) امریکی ڈالرز مالیت کی قیمتی گھڑی کا تحفہ دیا گیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو کو دی جانے والی گھڑی میں 338 انتہائی قیمتی اور نایاب پتھر جڑے ہیں۔
اس گھڑی کی رنگت گہرے سبز رنگ کی ہے جو سعودی پرچم کی نمائندگی کرتی ہے۔
یہ گھڑی کرسٹیانو رونالڈو کو اس کمپنی نے تحفے کے طور پر دی ہے جس کے وہ برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں۔
اس گھڑی میں جڑے پتھروں میں Tsavorite اسٹون سب سے مہنگے ہیں جو زمرد سے 200 گنا زیادہ نایاب ہوتے ہیں۔
اس تحفے کی رپورٹ اس وقت سامنے آئی جب 26 جنوری کو کرسٹیانو رونالڈو کا کلب ایک میچ میں شکست کے بعد سعودی سپر کلب سے باہر ہوگیا۔
کرسٹیانو رونالڈو کو اس سے قبل سعودی کلب کا حصہ بننے پر قیمتی رولز رائس گاڑی بھی دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت النصر کلب انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔