اس اسکول کی 7 ہزار لائٹس ڈیڑھ سال سے روشن، بند کرنے کی تمام کوششیں ناکام

یہ وہ اسکول ہے / فوٹو بشکریہ این بی سی نیوز
یہ وہ اسکول ہے / فوٹو بشکریہ این بی سی نیوز

لگ بھگ ڈیڑھ سال سے امریکا کے ایک ہائی اسکول کی عمارت میں نصب 7 ہزار لائٹس کو بند نہیں کیا جاسکا۔

میساچوسٹس کے Minnechaug ریجنل ہائی اسکول میں نصب 7 ہزار لائٹس اگست 2021 سے مسلسل روشن ہیں اور انہیں بند کرنا کسی کے بس کی بات نہیں۔

دن ہو یا رات اسکول کی لائٹس مسلسل روشن رہتی ہیں اور اس کی وجہ کمپیوٹر سرور کی ایک خامی ہے۔

اس خامی کے نتیجے میں اسکول کی انتظامیہ لائٹ سسٹم کو بند کرنے کے قابل نہیں رہی، البتہ فروری 2023 میں ہزاروں ڈالرز خرچ کرنے کے بعد ممکنہ طور پر یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

اسکول کے حکام کے مطابق ہر ماہ اس کی وجہ سے ہزاروں ڈالرز کے اخراجات ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کی مگر ہر بار ناکامی کا سامنا ہوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اخراجات بچانے کے لیے اسکول میں گرین لائٹ سسٹم کو نصب کیا گیا تھا۔

یہ سسٹم ایک سافٹ وئیر پر چلتا ہے جسے ایک کمپیوٹر میں انسٹال کیا گیا تاکہ عمارت کی لائٹس کی روشنی کو دن یا رات کے مطابق مدھم یا تیز کیا جاسکے۔

اس پروگرام کا مقصد توانائی اور پیسوں کی بچت کرنا تھا مگر اگست 2021 سے وہ لائٹس یکساں پاور سے مسلسل روشن ہیں۔

حکام کے مطابق لائٹ سسٹم ڈیفالٹ پوزیشن پر چلا گیا ہے اور ہم ان لائٹس کو بند کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

کچھ اساتذہ کی جانب سے چند بلب خود ہاتھ سے نکالے گئے تاکہ بجلی کے ضیاع کو کچھ کم کیا جاسکے۔

اس سسٹم کے لیے نیا سافٹ وئیر فروری میں اسکول کو ملنے کا امکان ہے جس کے بعد کمپیوٹر سرور کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔

اس سارے عمل میں 75 سے 80 ہزار ڈالرز خرچ ہوں گے۔

مزید خبریں :