ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام بین الجامعات اسپورٹس چیمپئن شپ کا آغاز

تقریب کے آغاز میں آٹھ کھیلوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے اڑھائی ہزار سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے پولیس بینڈ کی دھن پر مارچ پاسٹ کیا۔—فوٹو: رپورٹر
تقریب کے آغاز میں آٹھ کھیلوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے اڑھائی ہزار سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے پولیس بینڈ کی دھن پر مارچ پاسٹ کیا۔—فوٹو: رپورٹر

ہائیر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) کے زیر اہتمام بین الجامعات اسپورٹس چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن ملک بھر کی جامعات میں کھیلوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے،یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹیز سے بھی پاکستان کو متعدد کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑی ملتے رہے ہیں جو آگے چل کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر پر آل پاکستان ایچ ای سی انٹر یونیورسٹیز چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

اس موقع پرصوبائی وزیر لیبر اینڈ ہیومن ریسورسز سعید غنی،کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد عراقی،ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈاکٹر سعید قریشی،سندھ مدرسۃ الاسلام کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی،ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید علی میمن،سر سید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ولی الدین،رجسٹرار جاوید انوار،ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر شفیع الدین،چیئر مین نیو پورٹ انسٹی ٹیوٹ بورڈ آف ڈائریکٹر میجر ہما بخاری،کموڈور اکبر ستارہ امتیاز ملٹری نقی،اظہر خان کمانڈنٹ ایس ایس یو اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

تقریب کی خاص بات ملک بھر کی50 بڑی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور ان کے نمائندوں کی شرکت تھی،تقریب کے آغاز میں آٹھ کھیلوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے اڑھائی ہزار سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے پولیس بینڈ کی دھن پر مارچ پاسٹ کیا۔

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سندھ بھر میں کھیلوں کے فروغ میں کام کر رہی ہے،قومی کھیل ہاکی بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،مجھے اس ایونٹ میں آکر بہت مسرت محسوس ہو رہی ہے،طلبا کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحتمند سرگرمیوں میں حصہ لیتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے مقابلے طلبا وطالبات کی مخفی صلاحیتوں کو جلا بخشتے ہیں،انٹر یونیورسٹیز مقابلوں کا طلبا و طالبات کو تمام سال انتظار رہتا ہے۔ 

اس کے علاوہ ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید علی میمن نے کہا کہ طویل عرصے بعد ایچ ای سی اور کراچی کی جامعات کی جانب سے آٹھ کھیلوں کی مشترکہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس پر میں کراچی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس راشد قریشی اور دیگر میزبان یونیورسٹیز کا بھی مشکور ہوں،یہ ایچ ای سی کے ساتھ ساتھ ان کی بھی بڑی کامیابی ہے۔

 جن کھیلوں کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ان میں آل پاکستان آرچری (مینز)،آل پاکستان باسکٹ بال (مینز)،آل پاکستان شطرنج (مینز)،آل پاکستان نیٹ بال (مینز)،آل پاکستان آرچری (ویمن)،آل پاکستان فٹبال (ویمن)،آل پاکستان والی بال (ویمن)اورآل پاکستان ہاکی (ویمن)چیمپئن شپس شامل ہیں۔

مزید خبریں :