کھیل
Time 30 جنوری ، 2023

کراچی میں ہونے والی آل پاکستان ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ کا اختتام

چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، ایونٹ میں شریک طلبہ و طالبات نے بد انتظامی کی شکایت کی— فوٹو: جیو نیوز
چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، ایونٹ میں شریک طلبہ و طالبات نے بد انتظامی کی شکایت کی— فوٹو: جیو نیوز

کراچی میں ہونے والی آل پاکستان ایچ ای سی انٹر  یونیورسٹی چیمپئن شپ کا اختتام ہوگیا، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن  ڈاکٹر مختار احمد نے فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، ایونٹ میں شریک طلبہ و طالبات نے بد انتظامی کی شکایت کی۔

پہلی مرتبہ کراچی میں ہونے والے انٹریونیورسٹی گیمز اختتام پذیر ہوگئے۔ ایونٹ کے 8 گیمز میں 25 یونیورسٹیز کے پلیئرز نےحصہ لیا، ایک جانب جہاں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلےجاری رہے وہیں ایونٹ میں بدانتظامی بھی عروج پر رہی۔

کھلاڑی میچز کے مصروف شیڈولز سے سخت پریشان دکھائی دیے، تھکن سے چور کھلاڑی کھیل کے وینیو  پر ہی نیند پوری کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ کئی میچز رات ایک دو  بجے تک بھی جاری رہے، پلیئرز  رہائش پر تو خوش تھے لیکن وہاں نہ کچن کی سہولت تھیں اور نہ ہی پکانے کا کوئی خاص انتظام ،کھانے پینے کیلئے کھلاڑیوں کوکافی دور جانا پڑتا تھا۔

کھیل کے وینیوز بھی فاصلے پر ہونے کی وجہ سے پلیئر ز کو  بروقت پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا، مقامی یونیورسٹی میں والی بال کورٹ کی چھت اتنی نیچی تھی کہ گیند بار بار چھت سے ٹکرا رہی تھی جس کی وجہ سے ٹیموں کے پوائنٹس ضائع ہوتے رہے۔

اس کے علاوہ زخمی کھلاڑیوں کیلئے ابتدائی طبی امداد کا کوئی انتظام موجود نہ تھا اور تو اور کراچی یونیورسٹی کے آرچری پلیئرز کو کھیل سے روکنا بھی گیمز کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا سبب بنا۔

ان حوالوں سے جب ڈائریکٹر ایچ ای سی جاوید علی میمن سے دریافت کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں شامل تمام جامعات کو فنڈز  دے دیے گئے ہیں جبکہ پلیئرز کو ڈیلی الاؤنس بھی پہنچایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ تین، چار وینیوز پر گیمز ہوئے ہیں ،کراچی میں ایسی کوئی یونیورسٹی موجود نہیں جہاں تمام کھیلوں کا مکمل انفرا اسٹرکچر موجود ہو،  رزلٹ حاصل کرنے کیلئے بھی کافی مشکلات رہیں اسی وجہ سے مختلف وینیوز کا انتخاب کیا گیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد تھے جنھوں نے انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی ترویج طلبہ کی مثبت سوچ کو مزید تقویت فراہم کرتی ہے۔

آٹھ کھیلوں کےمشترکہ رزلٹ میں مردوں کی آرچری میں یونیورسٹی آف پنجاب کامیاب رہی، ویمنز میں کراچی یونیورسٹی نے کامیابی حاصل کی، نیٹ بال مینز  میں پنجاب یونیورسٹی، ویمنز فٹبال اور  ویمنز  ہاکی میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے فائنل جیت کر  آل پاکستان یونیورسٹی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید خبریں :