Time 30 جنوری ، 2023
پاکستان

پشاور دھماکے میں پولیس لائنزکے اندر سے سہولت کاری کی گئی: وزیر دفاع

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ پشاور دھماکے میں پولیس لائنز کے اندر سے سہولت کاری کی گئی۔

جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ حملہ آور ایک، دو دن سے وہیں رہ رہا تھا، آئی جی نے بتایا کہ ہزار سے ڈیڑھ ہزار  افراد پولیس لائنز  میں رہتے ہیں، پولیس کا خیال ہےکہ اندرکوئی شخص حملہ آورکے ساتھ رابطے میں تھا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سکیورٹی بریچ ہوئی ہے، دہشت گرد نے پہلی صف میں خودکو دھماکے سے اڑایا، مساجد میں نمازیوں پر حملے تو بھارت اور فلسطین میں بھی نہیں ہوتے،گزشتہ لہر میں کراچی دہشت گردوں کا بڑا ٹارگٹ تھا۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں مذاکرات کی پالیسی شروع ہوئی تھی اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں،  سوات کے نہتے لوگوں نے ان دہشت گردوں کو مستردکیا، میری اطلاعات ہیں کہ خیبرپختونخوا میں ٹول پلازوں پر ان دہشت گردوں نے قبضہ کیا، سرکاری ٹھیکوں میں یہ دہشت گرد حصہ وصول کرتے ہیں، سرکاری ٹھیکوں میں گزشتہ حکومت کے وقت سے یہ کمیشن لیتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی ہونےکی اب تک کوئی بات نہیں ہوئی، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضروری ہے،کرنا پڑےگا،  آج واقعہ خیبر پختونخوا میں ہوا کل پنجاب اور سندھ میں بھی ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف حکومت کے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سےکیے گئے معاہدے سامنے آنے چاہئيں، صرف آئی ایم ایف ہی کی رکاوٹ نہیں بلکہ جو دوست ملک ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں وہ بھی آئی ایم ایف کی کلیئرنس کے بغیر ہماری مدد نہيں کرسکتے۔

مزید خبریں :