01 فروری ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ 4 سال پہلے ایک دوست نے کہا تھا کہ 'بابر اعظم نامی لڑکےکا خیال رکھنا وہ ایک عظیم بیٹر بنے گا'، وہ دن اور آج کا دن ہے میں اس دوست کو داد دیتا ہوں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی ون ڈے اور سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر کی ٹرافیاں موصول ہوگئیں۔
چئیرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کپتان بابر اعظم کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ٹرافیاں دیں۔
اس موقع پر نجم سیٹھی اور بابراعظم کے درمیان دلچسپ گفتگو بھی ہوئی جس کی ویڈیو پی سی بی کی جانب سے یوٹیوب پر شیئر کی گئی۔
نجم سیٹھی نے بابر سے کہا کہ 4 سال پہلے ایک دوست نے کہا تھا کہ بابر اعظم نامی لڑکےکا خیال رکھنا وہ ایک عظیم بیٹر بنے گا، وہ دن اور آج کا دن میں اس دوست کو داد دیتا ہوں۔
انہوں نے بابر سے سوال کیا کہ آپ اس عمر میں اپنے فیم کو کس طرح محسوس کرتے ہیں؟ جس پر جواب دیتے ہوئے بابر نے کہا کہ میں صرف محنت کرتا ہوں، کوشش کرتا ہوں چیزوں کو آسان رکھوں،اپنے مائنڈ سیٹ کو آسان اور فوکس رکھتا ہوں،جس کی وجہ سے کرکٹ آسان ہو جاتی ہے۔
نجم سیٹھی نے بابر اعظم سے پوچھا کہ اتنی کم عمر میں اتنی زیادہ کامیابی پر فکر نہیں ہوتی کہ اگر کبھی آؤٹ آف فام ہوئے توکیا ہوگا؟ جس کا جواب دیتے ہوئے بابر نے کہا کہ میں ہر طرح کے حالات کے لیے خود کو تیار رکھتا ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جو آپ سوچتے ہیں یا کرنا چاہتے ہیں وہ کبھی کبھی نہیں ہوتا،جب آپ گرتے ہیں، آؤٹ آف فام ہوتے ہیں تب سپورٹ چاہیے ہوتی ہے۔
نجم سیٹھی نے آئی سی سی ون ڈے اور سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر کی ٹرافیاں بابر کو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ میں آپ کو ٹرافی دے رہا ہوں، امید ہے یہ پہلی اور آخری ٹرافی نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ نجم سیٹھی نے بابراعظم کے قد پر بھی مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر قد میں میرے سے لمبا ہے،یا میں چھوٹا ہو رہا ہوں جس پر بابر نے کہا کہ میرا قد 5 فٹ 10 انچ ہے،اور جوتے بھی بڑے والے پہنچے ہیں۔
نجم سیٹھی نے بابر سے مزید پوچھا کہ اتنے سارے ایوارڈز جیتنے کے بعد کبھی ٹینشن نہیں ہوتی؟ جس پر بابر نے جواب دیا کہ ٹینشن ہوتی ہے مگر اسے ہینڈل کرنا آنا چاہیے۔