04 فروری ، 2023
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ شیخ رشید اس وقت اسلام آباد کے کسی تھانے میں موجود نہیں ہیں۔
شیخ راشد شفیق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا شیخ رشید آبپارہ تھانے میں ہیں نا تھانہ سیکرٹریٹ میں، شیخ رشید اس وقت اسلام آباد کے کسی تھانے میں موجود نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کل ہماری تھانہ سیکرٹریٹ میں شیخ رشید سے ملاقات کرائی گئی، ملاقات کرا کے شیخ رشید کو گاڑیوں میں کہیں منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے بتایا ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر لے جایا جاتا ہے، اس وقت کراچی پولیس بھی اسلام آباد موجود ہے۔
راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید نے پیغام دیا ہے کہ انہیں قتل کرانے کے لیے کراچی بھیجا جا رہا ہے، شیخ رشید نےکہا مجھےکچھ ہوا تو ایف آئی آر شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور رانا ثنا اللہ کے خلاف کاٹی جائے۔
یاد رہے شیخ رشید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج انہیں عدالت میں پیش کیا جانا ہے۔
گزشتہ روز مری اور کراچی پولیس کے اہلکار بھی شیخ رشید کو حراست میں لینے کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے تاہم اسلام آباد پولیس نے انہیں کہا کہ عدالت کی اجازت کے بعد ہی شیخ رشید کو لے جانے کی اجازت دے سکتے ہیں۔