06 فروری ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کر کے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے صدر ترکیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیے اور اس کے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیے کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے زلزلے سے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ ترکیے اور شام میں آج صبح آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 1500 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں افراد زخمی ہیں۔